بنگلور، یکم فروری(ایس او نیوز) گجرات کے دلت قائد اور حال ہی میں منتخب رکن اسمبلی جگنیش میوانی نے کرناٹک میں رائے دہندگان سے گذارش کی ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں ہر حال میں بی جے پی کو ہرانے کی کوشش کریں، انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس جنوبی ریاست میں بی جے پی کے خلاف مہم چلائیں گے۔حال ہی میں گوری لنکیش کی یاد میں شہر میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران میوانی نے کہا کہ ’’ہمارے دستور کی حفاظت اور کرناٹک کے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے ،میں اپنے نظریات کے ساتھ سمجھوتا کرنے کے لئے بھی تیار ہوں اگر اس ریاست ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے اہم سیاسی جماعتوں کا اشتراک قائم کرنا چاہئے۔گجرات میں وڈگام اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی جگنیش میوانی نے بتایا کہ وہ اپریلہ کے مہینہ میں کم از کم تین ہفتوں تک ریاست میں انتخابی مہم چلائیں گے، واضح رہے کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات اپریل کے اواخر یا یا مئی ابتدائی ہفتوں میں ہونے کے امکانات ہیں۔جاریہ کرناٹک اسمبلی میں 224 ارکان کے لئے اس سے قبل انتخابات سال 2013 کے مئی میں منعقد کئے گئے تھے اس طرح مئی کے اواخر تک ریاست میں نئی اسمبلی کا قیام ضروری ہے۔جگنیش میوانی نے کہا ہے کہ ’’میں کرناٹک میں دلتوں سے بات کروں گا اور انہیں اس بات کے لئے راضی کرنے کی کوشش کروں گا کہ کسی بھی حال میں ان کے ووٹ بی جے پی کو جانے نہ پائیں‘‘۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سال 2014 کے عمومی انتخابات سے پہلے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جو وعدہ کیا تھا کہ ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کریں گے اس وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’حکومت نے نوجوانوں کی بے روزگاری اور کسانوں کی خود کشی کے معاملات پر زیادہ توجہ نہیں دی ہے اور بلا وجہ لو جہاد جیسے بے بنیاد باتوں کو اچھالتی رہی ہے‘‘۔